
یقیناً آپ اس تحریر کو پڑھتے ہوئے رات کے کھانے کے بعد اپنے دانت برش کرنے والے ہوں گے۔ کیا آپ بھی لوگوں کے قریب جانے سے اس لیے گریز کرتے ہیں کیونکہ آپ اپنے منھ سے آنے والی بدبو کی وجہ سے پریشان ہیں؟
تو پریشان ہونا چھوڑ دیں کیونکہ یہ عام مسئلہ ہے اور اس کے لیے حل بھی موجود ہیں۔
دانتوں کو صاف ستھرا رکھنا بیکٹیریا کے خلاف ایک نہ ختم ہونے والی جنگ جیسا ہے۔ یہ ہمارے دانتوں کے بیچ میں موجود جگہ اور ہمارے مسوڑھوں اور ہماری زبان پر موجود ہوتے ہیں۔
اگر آپ ان بیکٹیریا کو نکالیں گے نہیں تو یہ تعداد میں کئی گنا تک بڑھ سکتے ہیں اور ہمارے مسوڑھوں کو شدید نوعیت کی بیماری لگ سکتی ہے۔
لیکن اسے کے حل بھی موجود ہیں۔
سانس سے بدبو آنے کی وجہ کیا ہے؟
دنیا بھر میں، سانس کی بدبو کی اہم وجوہات میں سے ایک پیریڈونٹائٹس ہے. جس میں مسوڑھوں کے ٹشوز خراب ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
بی بی سی سے گفتگو میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف برمنگھم میں دانتوں کے شعبے سے منسلک اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پراوین شرما کا کہنا تھا کہ اکثر نوجوانوں کو مسوڑھوں کی کسی نہ کسی بیماری کا شکار ہوتی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’سانس سے آنے والی بو کا 90 فیصد ذمہ دار ہمارا منھ ہے. جبکہ 10 فیصد کی اور وجوہات ہوتی ہیں۔‘
ڈاکٹر شرما کا کہنا ہے کہ اگر ذیابیطس کو کنٹرول نہ کیا جائے تو مریض کے منھ سے ایک خاص قسم کی بدبو آتی ہے۔
اگر کوئی شخص معدے کے مسائل کا شکار ہے، یا اسے تیزابیت کا مسئلہ ہے. تو ایسے میں سانس سے بدبو آ سکتی ہے۔
آپ کے جسم کے نظام میں موجود اکثر بیماریاں آپ کے منھ کی بدبو سے ظاہر ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر شرما کے مطابق ’اگر آپ کے معدے کو مسائل ہوں یا آپ کو گیسٹرک ریفلکس کا مسئلہ ہو، تو سانس سے کھٹی بدبو آ سکتی ہے۔‘