
عالمی شائقین آج سے ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹر کر سکیں گے
ٹکٹ بیلٹ کا آغاز مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے باضابطہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ کیپ ٹاؤن کے زائٹس میوزیم آف کنٹیمپرری آرٹ افریقہ (زائٹس موکا) میں ہوگا۔
یہ عمل شائقین کو ٹورنامنٹ کے 14ویں ایڈیشن کے ٹکٹ حاصل کرنے کا منصفانہ موقع دے گا جو اگلے سال جنوبی افریقہ، نمیبیا اور زمبابوے میں منعقد ہوگا۔
دنیا بھر کے شائقین تینوں میزبان ممالک میں کھیلے جانے والے میچز کے لیے اپنی دلچسپی رجسٹر کر سکیں گے اور افریقہ کے اب تک کے سب سے بڑے کرکٹ ورلڈ کپ کا حصہ بن سکیں گے۔
بیلٹ میں اندراج مفت ہے اور یہ پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر نہیں ہوگا۔ یکم اکتوبر سے 21 نومبر 2026 تک موصول ہونے والی تمام درست درخواستیں برابر سمجھی جائیں گی، قطع نظر اس کے کہ وہ بیلٹ کے دوران کب جمع کرائی گئیں۔
بیلٹ کیسے کام کرے گا:
شائقین جتنے چاہیں میچز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں. اور ہر میچ الگ اندراج تصور ہوگا۔ وہ ایک میچ کے لیے زیادہ سے زیادہ چار ٹکٹ طلب کر سکتے ہیں اور ساتھ ہی اپنی پسندیدہ کیٹیگری بھی منتخب کر سکتے ہیں۔
اگر کسی میچ کی طلب دستیاب ٹکٹوں سے زیادہ ہوئی تو بے ترتیب بیلٹ کے. ذریعے یہ طے کیا جائے گا کہ کون سے درست اندراج کنندگان ٹکٹ خریدنے کے اہل ہوں گے۔
اس عمل میں کوئی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی۔ کامیاب درخواست گزاروں سے بعد میں ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جائے گا. اور انہیں ٹکٹ خریدنے کے لیے مقررہ وقت دیا جائے گا۔
جہاں میچ کی طلب کم ہوگی وہاں رجسٹرڈ شائقین کو ٹکٹ خریدنے کی سہولت ملے گی. جبکہ باقی ماندہ ٹکٹ بعد کے مرحلوں میں فروخت کیے جا سکتے ہیں۔ بیلٹ میں شامل ہونے سے ٹکٹ کی ضمانت نہیں ملتی۔
آئندہ ایڈیشن میں 14 ٹیمیں 12 مقامات پر 57 میچز کھیلیں گی. اور کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
