تربوز خوش رنگ،خوش ذائقہ اور بہت مفید پھل ہے۔موسم گرما کی کئی تکالیف کے خلاف ڈھال بھی ہے۔تربوز میں کئی وٹامن مناسب مقدار میں پائے جاتے ہیں۔وٹامنز کے علاوہ تربوز میں فولاد،فاسفورس،روغنی اجزاء پوٹاشیم،نشاستہ،فائبر،سوڈیم اور کیلشیم بھی ہوتا ہے۔تربوز میں گلوکوز وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔تربوز کھانا یا تربوز کا شربت جسم میں توانائی کی بحالی میں مدد دیتا ہے۔
تربوز میں نوے فیصد پانی ہوتا ہے۔جس شخص کو پیاس بار بار لگتی ہو اس کے لئے تربوز نہ صرف پیاس کی تسکین کا باعث بنتا ہے بلکہ جسم کو توانائی اور فرحت بھی بخشتا ہے۔تربوز اپنے شیریں ذائقے کی وجہ سے پوری دنیا میں ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔کچی حالت میں اس کے گودے کا رنگ سفید ہوتا ہے اور پکنے کے بعد سرخ ہو جاتا ہے۔
تربوز میں موجود وٹامن اے جسم میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔
نظام ہضم کی کئی خرابیوں میں تربوز کا استعمال مفید ہے۔سیاہ اور سفید زیرہ پیس کر تھوڑے سے نمک کے ساتھ تربوز پر چھڑک کر کھانا پیٹ کی کئی تکالیف میں مفید ہے۔
تربوز قبض دور کرنے میں بھی معاون ہے۔گردہ اور مثانہ کی گرمی،کئی بیماریوں کا سبب بنتی ہے اس کے لئے پکے ہوئے تربوز کے رس میں شکنجبین شامل کر کے پینا چاہیے۔تربوز گردہ مثانہ میں پتھری بننے کے عمل کو روکنے میں بھی مفید پایا گیا ہے۔
یہ گردوں کی صفائی کر کے پتھری نکلنے میں بھی معاون ہے۔
تربوز ہائی بلڈ پریشر میں بھی مفید بتایا جاتا ہے تربوز کے رس میں ایک عدد لیموں کا رس ملا کر دن میں دو بار استعمال کرنے سے خون پتلا ہوتا ہے۔اس سے بلڈ پریشر نارمل ہو جاتا ہے۔تربوز کے رس میں انار کا شربت ملا کر پینے سے دل کی بے قاعدہ دھڑکن اور دل کی کمزوری میں بھی آرام آتا ہے۔
سر کا درد اگر گرمی سے ہو تو ایک گلاس تربوز کے رس میں تھوڑی سی مصری ملا کر پینا چاہیے۔
تربوز خون کی کمی اور فساد خون میں بھی مفید بتایا جاتا ہے۔یہ خون کے سرخ ذرات پیدا کرتا ہے اور چہرے کی پیلاہٹ اور نقاہت میں بھی مفید ہے۔یرقان کے مریضوں،حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے لئے بھی مفید بتایا جاتا ہے۔
تربوز کا شربت بھی بنتا ہے۔اس کے لئے سرخ پکے ہوئے تربوز کا رس نکالیے ایک لیٹر رس میں ایک کلو چینی شامل کر کے ہلکی آنچ پر پکائیں مناسب گاڑھا ہونے پر چولہے سے اُتار لیں۔
شربت تیار ہے دن میں دو سے تین مرتبہ پانی ملا کر استعمال کریں۔یہ صفراوی بخار،پیاس اور گرمی کی شدت کو دور کرتا ہے۔
تربوز کے بیج بھی مفید ہوتے ہیں۔تربوز کے بیج چھلکا اتار کر پانی میں گھوٹ کر پینا دل کے لئے مفید ہے۔اس کے علاوہ ان بیجوں سے بنی سردائی حرارت دور کرنے میں بھی نافع ہے۔تربوز کے چھلکوں سے لذیذ ترکاری بنتی ہے۔تربوز کے چھلکے لے کر ان کا سفید حصہ علیحدہ کر دیں اور ایک ایک انچ کے ٹکڑے کاٹ لیں۔
پیاز گھی میں لال کر کے اس میں نمک،مرچ،ہلدی،لہسن ملا کر بھون لیں اور پھر تربوز کے چھلکے ڈال کر تھوڑے سے پانی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکا لیں۔لیجیے․․․․!مزے دار ترکاری تیار ہے۔
تربوز کے چھلکے حسن کی حفاظت میں بھی معاون ہیں۔تربوز کے چھلکوں کو باریک پیس کر تھوڑا سا آٹا ملا لیں۔یہ جلد کے لئے ایک اچھا اسکرب ہے۔جلد کو شگفتہ و چمک دار بناتا ہے۔
تربوز کے بیجوں کا لیپ باریک پیس کر پھٹے ہوئے ہونٹوں پر لگانے سے آرام آتا ہے۔تربوز کے جوس کو آئس کیوب کی شکل میں جما کر چہرے پر پھیرنے سے جلد کی حدت دور ہوتی ہے اور چہرے پر چمک بھی آتی ہے۔تربوز کھانا کھانے کے فوری بعد نہیں کھانا چاہیے۔اس سے بدہضمی اپھارہ اور دستوں کی شکایت ہو سکتی ہے۔تربوز کھانا کھانے سے پہلے یا کھانے کے دو گھنٹے بعد کھانا مفید ہے۔کہتے ہیں کہ جس روز تربوز کھائیں اس دن چاول کھانے سے گریز کیا جائے۔