پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکا کےخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے، وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبیٰ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
سیریز میں شامل تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔
ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں اسکواڈز کا انتخاب کیا،انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔
کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں، یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتے سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔
سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔
اسماویہ اقبال، چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ
چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبیٰ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، لہٰذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔
انہوں نےکہا کہ طوبیٰ حسن کو حالیہ ورلڈکپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا، وہ ایک اچھی اسپنر ہیں جو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی،انہوں نے کہا کہ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اسماویہ اقبال نے مزید کہا کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی ٹوئنٹی اور پچاس اوورز کے متعدد پریکٹس میچز کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا،وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن۔
ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔
سپورٹ اسٹاف:
آسیہ خان (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (بولنگ کوچ)، وقار اورکزئی (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)، ڈاکٹر محمد خرم (ڈاکٹر)، زبیر احمد (اینالسٹ)
شیڈول:
24 مئی: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
26 مئی: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
28 مئی: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ
یکم جون: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
3 جون: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ
5 جون: تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ