29 نومبر کی صبح آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے نواحی علاقے میں واقع ایک پیٹرول پمپ سے ایک وین لاپتہ ہوئی۔
یہ کوئی عام وین نہیں تھی بلکہ کرسپی کریم نامی ایک ڈونٹ کمپنی کی ڈیلیوری وین تھی. جس میں اطلاعات کے مطابق 10 ہزار ڈونٹ موجود تھے۔
ڈیلیوری چوری ہونے پر کرسپی کریم نے فوراً پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس افسران کو بتایا گیا کہ ایک نامعلوم خاتون نے مبینہ طور پر ڈونٹ سے بھری یہ وین چُرائی ہے۔
لہذا پولیس نے جائے وقوعہ کا تعین کیا اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس کو بتایا گیا کہ یہ وین پیٹرول ڈلوانے کے لیے رُکی تھی۔
پھر ایک ہفتے کی تاخیر کے بعد پولیس نے بالاخر یہ ایک کار پارکنگ سے برآمد کی اور ساتھ ہی ایک 28 سالہ خاتون کو اس کی چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
جمعرات کو مذکورہ خاتون کو عدالت پیش کیا گیا جہاں انھوں نے اپنی ضمانت کرانے سے انکار کر دیا۔ اور اب ان پر وین چُرانے اور اہلیت نہ ہونے کے باوجود اسے چلانے کے الزامات کا سامنا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے. جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون صبح سویرے قریب چار بجے اس پیٹرول پمپ پر چہل قدمی کر رہی ہیں۔
اس وقت اس ڈیلیوری وین میں کوئی نہیں تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے. کہ خاتون اس وین میں داخل ہوتی ہیں اور اسے چلا کر فرار ہو جاتی ہیں۔
یہ غیر واضح ہے کہ آیا جس وقت انھوں نے مبینہ طور پر وین چُرائی، اس وقت انھیں یہ معلوم تھا کہ اس میں 10 ہزار ڈونٹ پڑے ہیں۔
آسٹریلیوی میڈیا کے مطابق یہ کرسمس کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ ڈونٹ تھے۔
شاید آپ بھی یہی سوچ رہے ہوں گے ان ڈونٹس کا کیا بنا؟ اس حوالے سے پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ برآمد کی گئی وین میں تمام 10 ہزار ڈونٹ ’خراب ہوچکے تھے۔‘
دریں اثنا کرسپی کریم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یہ 10 ہزار ڈونٹ اپنے صارفین کے لیے ’دوبارہ دستیاب بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘