ابوظبی: دبئی میں دو سالہ بچے نے والد کے لیے لاٹری کے ٹکٹ کا انتخاب کرکے انہیں لکھ پتی بنادیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں بھارتی شہری نے بگ ٹکٹ کی ہفتہ وار قرعہ اندازی میں تین لاکھ درہم کا انعام جیت لیا، لاٹری کے ٹکٹ کا انتخاب بھارتی شہری کے دو سالہ بیٹے نے کیا تھا۔
قطر کے رہائشی بھارتی شہری طارق شائق لاٹری کا ٹکٹ جیتنے پر خوشی سے سرشار ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر یہ ٹکٹ خرید رہے تھے لیکن کبھی انعام نہیں نکلا۔
طارق اس ہفتہ وار قرعہ اندازی کا ٹکٹ جیتنے والے تیسرے خوش نصیب ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس بار انہوں نے گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں جلدی ٹکٹ خریدا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار میں نے اپنے دو سالہ بیٹے کو ٹکٹ نمبر منتخب کرنے کے لیے کہا اور وہی نمبر میرے لیے لکی ثابت ہوا۔
بھارتی شہری کا کہنا تھا کہ اسی ٹکٹ کو بگ ٹکٹ ڈرم میں بھی ڈالا جائے گا جس سے انہیں 3 مئی کو 12 ملین درہم کی عظیم الشان قرعہ اندازی کے دوران کروڑ پتی بننے کا موقع ملے گا۔