پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں: گاڑی کے ایندھن کی بچت کے کون سے طریقے درست اور کون سے افسانہ ہیں؟

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور اس وقت ریکارڈ سطح پر موجود ہیں۔ یہی نہیں بلکہ جس رفتار سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں آنے والے دنوں میں حکومت ایک بار پھر قیمت بڑھانے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب مہنگائی بڑھ رہی ہے اور ایک عام آدمی کی قوت خرید مسلسل کم ہو رہی ہے، یہ جاننا اہم ہے کہ موجودہ وسائل میں کس طرح پیٹرول کی کھپت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ خصوصاً ایسے افراد جن کے لیے گاڑی کا سفر لازم و ملزوم ہوتا ہے۔

بی بی سی نے ایسے طریقوں پر غور کیا ہے جو عام طور پر ڈرائیور ایندھن کی کھپت کم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں لیکن اہم سوال یہ ہے کہ ان میں سے کون سے طریقے کام کرتے ہیں اور کون سے طریقے صرف اور صرف افسانوی ہیں۔

کیا نوے کی رفتار پر گاڑی چلانا ایندھن بچاتا ہے؟

کئی ڈرائیوروں کا خیال ہے کہ اگر گاڑی کو نوے کی رفتار پر چلایا جائے تو ایندھن کم استعمال ہوتا ہے لیکن آر اے سی آٹو موٹیو گروپ کے مطابق گاڑی کی کوئی ایک مستقل رفتار نہیں جسے فیول کی بچت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ نوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا افسانہ پرانے ٹیسٹس سے شروع ہوا جن کے تحت ایندھن کی کھپت کا جائزہ لیا جاتا تھا اور وہ 90 کلومیٹر اور 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر کیے جاتے تھے۔

اس وقت نوے کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر چلائی جانے والی گاڑی فیول کی بہترین اوسط دیتی تھی جس کے بعد یہ خیال عام ہوا کہ یہی رفتار ہونی چاہیے۔

آر اے سی گروپ کے مطابق ہر گاڑی مختلف ہوتی ہے اور اس کے حجم کے اعتبار کو دیکھتے ہوئے 70-80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار عام طور پر بہترین ایندھن کی اوسط دیتی ہے۔

گاڑی

کیا اے سی بند کر دینا چاہیے؟

اگر کبھی شدید گرم موسم میں آپ نے گاڑی کا ایئر کنڈیشنر اس لیے استعمال نہیں کیا کہ اس سے پیٹرول کی بچت ہو گی تو آپ نے بالکل درست فیصلہ کیا۔

گاڑی کا ایئر کنڈیشنر چلانے کے لیے اضافی توانائی درکار ہوتی ہے اور اسے چلانے کے بعد گاڑی کا انجن تقریباً دس فیصد اضافی ایندھن استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ایئر کنڈیشنر کے استعمال سے جڑی پیٹرول کی بچت نسبتاً کم فاصلے کے سفر میں زیادہ اثر انداز ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایئر کنڈیشنر کو شروع میں زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے کیوںکہ گاڑی کا اندرونی درجہ حرارت کم کرنا ہوتا ہے۔

ایسے میں گاڑی کے شیشے نیچے کرنا ایک بہتر حکمت عملی ہو سکتی ہے لیکن اس سے ایک اور مسئلہ پیدا ہوتا ہے جسے ’کریپنگ‘ کہا جاتا ہے۔ یہ وہ عمل ہے جس میں گاڑی کا انجن کھلے ہوئے شیشوں سے آنے والے ہوا کے دباؤ کی وجہ سے زیادہ کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔

ایسے میں گاڑی کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ لینا چاہیے کیوںکہ آپ جتنی تیز رفتاری سے گاڑی چلائیں گے اتنا ہی ہوا کا دباؤ بڑھے گا۔

کیا نیوٹرل میں گاڑی کمایندھن استعمال کرتی ہے؟

جس وقت گاڑی نیوٹرل گیئر میں چل رہی ہو یا پھر کلچ دبایا ہوا ہو، اس عمل کو ’کوسٹنگ‘ کہتے ہیں۔

اے اے آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ طریقہ بلکل مناسب نہیں۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ غیر محفوظ ہے کیوںکہ اگر کوئی نازک صورتحال پیدا ہو تو آپ اچانک گاڑی کی رفتار نہیں بڑھا سکیں گے لیکن دوسری اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اس سے فیول کی بچت نہیں ہوتی۔

اے اے آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے مطابق زیادہ تر گاڑیوں میں الیکٹرک کنٹرول موجود ہوتا ہے جو فیول کی سپلائی اس وقت بند کر دیتا ہے جب گاڑی کے ایکسلریٹر سے پاوں ہٹتا ہے۔ اسی لیے کوسٹنگ سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

کروز کنٹرول

کیا کروز کنٹرول سے فیول کی بچت ہوتی ہے؟

کروز کنٹرول کی سہولت چند مخصوص گاڑیوں میں موجود ہوتی ہے، جو ایکسلریٹر دبائے بغیر ہی گاڑی کو ایک مستقل رفتار پر چلانے میں مددگار ہوتی ہے۔

یہ فیول کی بچت کا ایک بہترین طریقہ ہے کیوںکہ اس سے غیر ضروری رفتار میں اضافہ اور اچانک بریک کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

لیکن یہ صرف اسی صورت میں مفید ہے جب آپ کسی ہموار ہائی وے پر سفر کر رہے ہوں کیوںکہ اگر آپ کسی پہاڑی علاقے میں سفر کر رہے ہیں تو کروز کنٹرول کو چڑھائی کے مطابق ایڈجسٹ ہونے میں زیادہ وقت اور فیول درکار ہو گا۔

عام طور پر جب بھی کسی پہاڑے راستے میں گاڑی ڈھلوان کی جانب سفر کرتی ہے تو ہم ایکسلریٹر سے پاؤں ہٹا لیتے ہیں لیکن کروز کنٹرول تو یہ نہیں جانتا کہ آگے کیا ہے، اس لیے یہ زیادہ وقت لیتا ہے اور گاڑی میں فیول کی کھپت بھی زیادہ ہوتی ہے۔

ٹائر پریشر

گاڑی کے ٹائر پریشر کا فیول کی کھپت سے تعلق

اگر آپ کی گاڑی کے ٹائر میں ہوا کم ہے تو یہ زیادہ پیٹرول استعمال کرے گی۔ اس لیے ہمارا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ باقاعدگی سے گاڑی کے ٹائر کی ہوا چیک کرتے رہیں خصوصاً لمبے سفر پر روانہ ہونے سے پہلے۔

آپ کی گاڑی کے ٹائر کے لیے ہوا کا کتنا دباؤ بہترین ہے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو اپنی گاڑی کے ساتھ ملنے والا کتابچہ ضرور دیکھ لینا چاہیے لیکن اگر آپ کی گاڑی میں سامان اور مسافروں کی تعداد زیادہ ہے تو پھر اس دباؤ کو اسی حساب سے بڑھا لیں۔

لیکن یہ یاد رکھیں کہ گاڑی میں جتنا زیادہ وزن ہو گا، یہ اتنا ہی زیادہ ایندھن استعمال کرے گی۔

تبصرہ کريں

آپکی ای ميل پبلش نہيں نہيں ہوگی.