پاکستان کو 2030 تک دنیا کے 10 بہترین ٹیک اسٹارٹ اَپس کمپنیوں کے ممالک میں شامل کیا جائے گا۔
اس عزم کا اظہار دنیا بھر کے چوٹی کے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، انجینئرز اور دوسرے پیشہ ور افراد کی ایک دو روزہ پاک لانچ اَن کانفرنس 2022 میں کیا گیا جو بے ایریا میں پالو آلٹو شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں 8 اور 9 جون کو منعقد ہوئی۔
اس کا اہتمام امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے پاکستانی نژاد سرمایہ کار علی فہد کے ادارے پاک لاؤنچ نے کیا تھا۔
پاک لاؤنچ دنیا بھر کے ممالک کے ہزاروں ارکان پر مشتمل سرمایہ کاروں اور پروفیشنلز کی یہ تنظیم ہے جو ڈیجیٹل اسٹارٹ اپس کمپنیوں کو ہر قسم کا تکنیکی اور مالی تعاون فراہم کرنے میں مدد کرتی ہے، جس کے بانی علی فہد کی قیادت میں پاک لاؤنچ اب تک پاکستان کی 70 ہائی ٹیک اسٹارٹ اپس کمپنیوں کو تکنیکی اور 70 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی فراہمی میں تعاون کر چکی ہے۔
اس کے علاوہ وہ یہ پاکستان کی پہلی قومی سیمی کنڈکٹر پالیسی، ویب 3.0 ریگولیٹری تجاویز، ترقی سمیت کیپیٹل ریگولیٹری پالیسی اور تجاویز پر پالیسی کے کام کو آگے بڑھانے میں بھی معاون ہے۔
اس کانفرنس کا مقصد پاکستان کے سرکردہ کاروباری افراد کو عالمی سرمایہ کاروں سے جوڑنا تھا۔ اس میں کئی بڑے وینچر فنڈز اور اسٹارٹ اپس جیسے کہ سرمایہ کار، آئی ٹو آئی وینچرز، زین کیپیٹل، لکسن وینچر، 47 وینچر، کے ٹریڈ، میڈز این مور، دستگیر، ای زی بائیک وغیرہ نے 30 سے زیادہ عالمی وینچر فنڈز کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کی۔
اس میں 150 شرکاء نے دو دن تک بھرپور شرکت کی جن میں خاص طور پر پاکستان، سنگاپور، ہانگ کانگ، دبئی، لندن، ٹورنٹو اور امریکہ کے کئی شہروں سے آنے والے مندوبین شامل تھے۔
اس ’’UnConference‘‘ کا فارمیٹ منفرد تھا کیونکہ اس میں کوئی سخت ایجنڈا نہیں تھا اور دو روزہ ایونٹ میں چار ٹاؤن ہال سائیڈ بات چیت ہوئی جو زیادہ تر کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے درمیان نیٹ ورکنگ اور تعلقات کو فروغ دینے پر مرکوز تھی۔
تقریب کے نمایاں مقررین میں بلال زبیری (لکس کیپیٹل)، یوسف خان (رج وینچرز)، ثمر عباس (ٹیمپورل سی ای او)، کلثوم لاکھانی (i2i وینچرز)، فیصل آفتاب (زین کیپیٹل)، خرم ظفر (47 وینچرز)، رابیل وڑائچ (سرمایہ کار)، احمد جلال ملک (قرطبہ وینچرز)، علی فرید خواجہ (کے ٹریڈ) اور مامون حامد (کلینر پرکنز) شامل تھے۔
انہوں نے دنیا بھر میں ٹیک ایکو سسٹم کے بارے میں اپنے علم اور تجربہ کا اشتراک اور تبادلہ کیا، اس امر کا بھی جائزہ لیا گیا کہ پاکستان میں اسٹارٹ اپس کے موجودہ ماحول اور اسٹارٹ اپس کے فروغ اور ان کو کامیاب بنانے میں کون سے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
علی فہد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی تاجروں کو مشرق وسطیٰ، ایشیا اور افریقہ کے سرمایہ کاروں سے جوڑنے کے لیے جنوری 2023 میں دبئی میں اگلی کانفرنس کا اعلان کیا۔
Thanks for your blog, nice to read. Do not stop.
Thank you so much for your support.