پاکستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلا روزہ کل اور پہلی تراویح آج ہوگی۔
رمضان کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چارسدہ روڈ پر اوقاف ہال میں ہوا. جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں ہوئے۔
مرکزی اجلاس میں کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات، اسپارکو، وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے شریک ہوئے۔
دوسری جانب مسجد قاسم علی خان میں غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوا۔ غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیج ریاستوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا. اور ان ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
دوسری جانب مشرقی ایشیائی اور اوشیانا ریاستوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔ ان ممالک میں پہلا روزہ 12 مارچ کو ہے۔