انڈیا کے مشہور کامیڈین راجو شریواستو 10 اگست کو ہوٹل کے جم میں ورزش کرتے ہوئے بے ہوش ہو گئے تھے۔ جس کے بعد انھیں دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایک ماہ سے زائد عرصہ تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ بدھ کے روز چل بسے۔
راجو سریواستو سنہ 1963 میں کانپور میں۔ شاعر رمیش۔ سریواستو عرف بالائی کاکا کے ہاں پیدا ہوئے، بچپن سے ہی فلمی ستاروں کی نقل کرنے کا شوق رکھتے تھے۔
شاید انھوں نے کامیڈی کی دنیا میں سب سے زیادہ نام امیتابھ بچن کی نقل کر کے حاصل کیا۔ لیکن انھوں نے کامیڈی اس دور میں شروع کی جب یوٹیوب، ٹی وی، سی ڈی اور ڈی وی ڈی نہیں تھی۔ ان کا پہلا مزاحیہ خاکہ ’ہنسنا منع ہے‘ بھی آڈیو کیسٹ کی صورت میں سامنے آیا۔
راجو شریواستو نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا۔ ’یہ 1980 کی دہائی کی بات ہے، ان دنوں اتنے چینل نہیں تھے، صرف دور درشن تھا۔ میں اس وقت کا آدمی ہوں۔ اس وقت ڈی وی ڈی، سی ڈی۔ سب وہاں نہیں تھا، اس وقت ہماری آڈیو کیسٹیں نکلتی تھیں جو پھنس بھی جاتی تھیں، پھر اس میں پنسل ڈال کر ٹھیک کرنا پڑتا ہے۔ ہماری کیسٹ ٹی سیریز میں آئی تھی۔‘