انڈیا کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ 92 سال کی عمر میں جمعرات کو چل بسے، جس کے بعد نئی دہلی نے ان کی سرکاری تدفین کے علاوہ سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
من موہن سنگھ 26 ستمبر 1932 کو برطانوی ہند میں پنجاب کے ضلع چکوال کے گاؤں گاہ میں پیدا ہوئے، جو اب پاکستان میں واقع ہے۔
من موہن سنگھ نے ابتدائی تعلیم پشاور سے حاصل کی، جو اس وقت برطانوی ہند کا حصہ تھا۔ بعدازاں 1947 میں تقسیم کے بعد ان کا خاندان انڈیا منتقل ہو گیا۔
تاہم چکوال سے جانے کے باوجود من موہن سنگھ اپنے آبائی گاؤں کو نہ بھلا سکے. اور اس کا اظہار انہوں نے مئی 2008 میں اپنے بچپن کے دوست راجا محمد علی سے ملاقات کے دوران بھی کیا۔
راجا محمد علی، من موہن سنگھ سے ملنے نئی دہلی پہنچے. جہاں انہوں نے اپنے بچپن کے دوست اور ہم جماعت من موہن سنگھ کو اپنے گاؤں گاہ کی مٹی اور پانی بطور تحفہ پیش کیا۔ ایک سو سال قدیم چادر بھی ان تحائف میں شامل تھی۔
گاؤں کی ایک تصویر
انہوں نے من موہن کو اپنے. گاؤں کی ایک تصویر بھی پیش کی۔ یہ تحفے دوستی کی یادگار تھے، جو دو ملکوں کی سرحدوں سے بھی بلند تھی۔
انہوں نے من موہن سنگھ کی اہلیہ گرشرن کور کو کڑھائی. والی شلوار قمیص بھی تحفے میں دی۔
جواب میں من موہن سنگھ نے راجا محمد علی کو ایک پگڑی، ایک چادر اور ٹائٹن کی گھڑی کا سیٹ پیش کیا۔
اس ملاقات نے دکھایا کہ وزیراعظم بھی ایک انسان ہوتے ہیں، جن کے پاس اپنی یادیں اور دوستی کی کہانیاں ہوتی ہیں، جو سرحدوں سے آگے نکل جاتی ہیں۔
دونوں دوستوں کی یہ ملاقات یادگار ہونے کے ساتھ ساتھ جذباتی لمحات پر بھی مبنی تھی۔
راجا محمد علی، من موہن سنگھ سے. ملاقات کے بعد 2010 میں 78 سال کی عمر میں چل بسے اور چکوال میں آسودہ خاک ہوئے۔