آرین خان: شاہ رخ خان کے بیٹے کو منشیات سے متعلق الزامات سے بری کر دیا گیا

انڈیا میں انسداد منشیات کے ادارے نے بالی وڈ اداکار شاہ رُخ خان کے بینے آرین خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔

اکتوبر 2021 میں 24 سالہ آرین کو ایک پارٹی میں منشیات کا استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آرین کو منشیات رکھنے، استعمال کرنے اور غیر قانونی مواد کی فروخت سے متعلق قوانین کے تحت گرفتار کیا تھا۔

جمعے کو این سی بی نے انھیں تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے کہا کہ ’آرین خان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات نہیں ملی۔‘

جمعے کو اس ادارے کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ پیش کی گئی جس میں 14 ملزمان کے نام درج تھے۔ اس فہرست میں آرین سمیت چھ افراد کے نام ’ناکافی شواہد کی بنیاد پر‘ نہیں ڈالے گئے۔

شاہ رخ خان

این سی بی نے دو اکتوبر 2021 کو ایک کروز شپ پر چھاپہ مارا اور کہا تھا کہ انھیں اطلاع ملی تھی کے وہاں منشیات کا استمال اور فروخت کی جا رہی ہے۔

آرین کو جیل میں قریب تین ہفتے گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

انڈین سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع ابلاغ پر یہ مقدمہ شہ سرخیوں کی ذینت بنا رہا۔ این سی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ آرین خان ’منشیات کے عادی ہیں اور ممنوع مواد سپلائی‘ بھی کرتے ہیں۔

اس مقدمے میں کئی موڑ آتے رہے ہیں۔ ایک اہم عینی شاہد نے الزام لگایا تھا کہ این سی بی کے دفتر میں ان سے اس کیس کے سلسلے میں ’ایسے کاغذات پر دستخط کرائے گئے جن پر کچھ بھی درج نہیں تھا۔‘

اس کیس کی تحقیقات پر مامور افسر سمیر وانکھیڑے کو ’بلیک میلنگ کے الزامات‘ کے بعد اس کیس سے ہٹا دیا گیا تھا۔

جمعے کو آرین خان کی وکیل روہاتگی نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ رخ خان سکون میں ہیں کہ ان کے بیٹے کا نام کلیئر ہوگیا ہے۔ انھوں نے نیوز چینل این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’آخر کار سچ کی جیت ہوئی ہوئی ہے۔‘

دیپیکا پڈوکون
،تصویر کا کیپشنمنشیات سے متعلق ایک کیس میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون سے بھی پوچھ گچھ ہو چکی ہے

سنہ 2020 سے کئی بالی وڈ اور ٹی وی اداکاروں پر نظر آنے والی معروف شخصیات اسی نوعیت کی تحقیقات کی زد میں رہی ہیں۔ یہ تمام معاملات بظاہر ایک ایسی تحقیقات کا حصہ ہیں جو انڈین فلم انڈسٹری میں منشیات کے استعمال کے دعوے پر کی جا رہی ہیں۔

اسی سال انسداد منشیات کے ادارے نے دیپیکا پڈوکون سمیت کم از کم چار اداکاراؤں سے پوچھ گچھ کی تھی۔ تاہم کسی پر بھی اس سے متعلق باقاعدہ الزام نہیں لگایا گیا تھا۔

سال 2020 کے دوران اداکارہ ریا چکرورتی کو اپنے بوائے فرینڈ سُشانت سنگھ راجپوت کے لیے مبینہ طور ہر منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

سُشانت 34 سال کے تھے جب وہ مردہ حالت میں اپنے فلیٹ میں پائے گئے تھے۔ پولیس نے اس وقت کہا تھا کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔

ریا نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی تھی۔ انھیں گرفتاری کے ایک ماہ بعد رہا کر دیا گیا تھا۔

6 Comments

تبصرہ کريں

آپکی ای ميل پبلش نہيں نہيں ہوگی.