کراچی: ڈراما شوٹنگ کے دوران اداکاروں پر ’تشدد‘، چھ افراد گرفتار

نبیل قریشی کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے فلم سٹار ماہرہ خان نے لکھا کہ میں اس پر یقین نہیں کر سکتی۔ کون ذمہ دار ہے؟ کون اس کا جواب دے گا؟

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر موجود ادکاروں اور کریو کے ارکان کو ہراساں کرنے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

نامہ نگار صالحہ فیروز کے مطابق ایس ایس پی زبیر نذیر نے بھی انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔

ان کے مطابق مزید کارروائی کے لیے گرفتار ملزمان کے خلاف عدالت میں کیس چلایا جائے گا۔

اس واقعے کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے ہدایت کار نبیل قریشی نے لکھا کہ ’ہم پر جمشید کوارٹرز اور پی آئی بی کالونی میں شوٹنگ کے دوران حملہ کیا گیا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ہم پر حملہ کیا گیا، خواتین اور اداکاروں کو ہراساں کیا گیا۔ کریو کو مارا پیٹا گیا اور موبائل اور سامان چرا لیا گیا۔‘

ان کی ٹویٹ میں ڈرامے ’گل رعنا‘ کا ٹیگ بھی شامل تھا۔

گرفتاری

چند منٹ بعد کی جانے والی ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا۔ کہ ’ہم اس وقت پی آئی بی پولیس سٹیشن میں موجود ہیں۔ ہم پر اس سے قبل کراچی میں کبھی ایسا حملہ نہیں کیا گیا۔ وہ ہتھیاروں سے لیس تھے۔ انہوں نے ہمارے موبائل اور بٹوے چوری کر لیے۔ اور انہوں نے خواتین کا خیال بھی نہیں رکھا اور ہاتھ اٹھایا۔‘

ایف آئی ار کے مدعی علی حسین نے موقف اپنایا ہے۔ کہ ان کا کرائے کا مکان جس میں انہوں نے رہائش کے علاوہ شوٹنگ کا سامان موجود تھا، ’وہاں 40، 50 افراد نے حملہ کر کے مالک مکان اور ٹیم کے ارکان کو مارنا شروع کر دیا۔‘

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’ٹیم ارکان کو پستول کے بٹ مارے گئے اس کے علاوہ تشدد کرنے والے افراد موبائل فونز اور سامان بھی ہمراہ لے گئے۔‘

اسی واقعے کے حوالے سے اداکارہ حرا مانی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک سٹوری اپ لوڈ کی جس میں ان کا کہنا تھا۔ کہ ’یہ ایک بہت برا واقعہ تھا۔ میری دعا ہے کہ کسی کو ایسے واقعے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘

انہوں نے مزید لکھا۔ کہ ’میں اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ جنہوں نے حملہ آوروں کے ساتھ لڑ کر ہمیں بچایا اور اس وقت بہت بری حالت میں ہسپتال میں ہیں۔‘

انہوں  نے ٹیم کے ارکان لہ جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

نبیل قریشی کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے فلم سٹار ماہرہ خان نے لکھا کہ ’میں اس پر یقین نہیں کر سکتی۔ کون ذمہ دار ہے؟ کون اس کا جواب دے گا؟‘

تبصرہ کريں

آپکی ای ميل پبلش نہيں نہيں ہوگی.