کراچی ٹیسٹ میں ایک موقعے پر پاکستان کے چار کھلاڑی 110 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے اور بظاہر دکھائی دے رہا تھا کہ ٹیم دو سو سے کم سکور پر ڈھیر ہو جائے گی، سرفراز احمد نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو زبردست سہارا دیا۔
سرفراز احمد 14 رنز کی کمی سے سینچری تو نہ بنا سکے، مگر ایک تیر سے دو شکار ضرور کر گئے۔ ایک تو یہ کہ خود پر تنقید کرنے والوں کے منہ بند کر دیے، اور ساتھ ہی ٹیسٹ ٹیم میں کم از کم نیوزی لینڈ کی سیریز کی حد تک اپنی جگہ بھی پکی کروا گئے۔
سرفراز واپس آ گیا ہے
سوشل میڈیا صارفين بھی سرفراز کی تعریف کیے بنا نہ رہ پائے اور ٹوئٹر پر سرفراز احمد ٹرینڈ کرنے لگے۔
خود سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت نے بھی کی ففٹی مکمل ہونے پر ٹویٹ کی اور صرف اتنا لکھا: ’الحمدللہ۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی ان کی تعریف کیے بنا رہ نہ پائے۔ اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں۔ کہ ’کیا واپسی کی ہے آپ نے! اتنی دیر تک بینچ پر رہنا اور واپسی پر اپنے آپ کو ظاہر کرنا آسان نہیں ہے۔ ڈھیروں دعائیں‘
اسلام آباد یونائٹڈ کے سٹریٹجی مینیجر حسن چیما نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اپنی ٹیم کے خلاف کوئی ٹویٹس، کوئی ایجنڈا نہیں ٹی وی شوز پر کچھ نہیں، بس اپنا سر نیچے رکھا، ڈومیسٹک میں اپنا وقت گزارا، پرفارم کرنا جاری رکھا اور دوبارہ موقعے کا انتظار کیا۔ سرفراز ایک مثال ہیں۔‘
قومی ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان نے لکھا: 50ویں ٹیسٹ میں کپتان کے 50 رنز مکمل ہو گئے۔ اس کےعلاوہ اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی سرفراز کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’سرفراز واپس آ گیا ہے!‘
فرید خان اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں: ’بابر اعظم اور سرفراز احمد کے درمیان 196 رنز کی شراکت نے پاکستان کو مشکلات سے بچا کر کراچی میں ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا ہے۔ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں۔‘
عاطف نواز کہتے ہیں: ’اپنے 50ویں ٹیسٹ میں 50 رنز۔ وہ بھی چار سال کے وقفے کے بعد، انکی ٹیم میں شمولیت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔‘