دس فٹ چوڑا اور اتنا ہی لمبا یہ مکان موہن سنگھ اوبرائے کو برطانوی ہندوستان کے گرمائی دارالحکومت شملہ کے ایک ہوٹل میں ملازمت کے دوران ملا تھا۔
’دی سیسل‘ نامی اس ہوٹل میں انھیں کوئلے کا حساب رکھنا تھا۔ انھیں مکان بھی اس پہاڑی کے انتہائی نچلے حصے. میں دیا گیا تھا جس پر یہ شاندار ہوٹل واقع تھا۔ یہ پہاڑی وہ دن میں دو بار چڑھتے، صبح کام پر آتے ہوئے اور دوپہر میں اپنی بیوی ایشران دیوی کے ہاتھ کا پکا سادہ سا کھانا کھا کر لوٹتے ہوئے۔
ان کی تنخواہ پچاس روپے تھی یعنی اس رقم سے دو گنا جو ان کی والدہ بھاگ ونتی نے سنہ 1922 میں جہلم (اب پاکستانی پنجاب میں چکوال) کے قصبے بھَون سے چلتے ہوئے انھیں دی تھی۔
موہن سنگھ کے والد ٹھیکیدار عطار سنگھ تو تب ہی انتقال کر گئے تھے جب وہ چھ ماہ کے تھے۔
صحافی باچی کَرکَریا لکھتی ہیں. کہ ’اُن کی ماں، جو صرف 16 سال کی تھیں، طعنوں سے تنگ آ کر ایک رات اپنے شیر خوار بیٹے کو اٹھا کر 12 کلومیٹر پیدل چل کر اپنے میکے چلی گئیں۔‘
گاؤں میں ابتدائی تعلیم کے بعد موہن سنگھ نے راولپنڈی سے میٹرک کیا۔ وہ لاہور میں تعلیم حاصل کر رہے تھے جب مالی تنگی کی وجہ سے پڑھائی جاری نہ رہ سکی۔
نوکری کے لیے یہ تعلیم ناکافی جانی تو ایک دوست کے کہنے پر امرتسر میں ان کے ساتھ رہے اور شارٹ ہینڈ اور ٹائپنگ کا کورس کیا۔ کام پھر بھی نہ ملا۔
نوکری
ان کے چچا نے لاہور میں اپنی جوتوں کی فیکٹری میں انھیں نوکری دی. لیکن جلد ہی پیسوں کی کمی کی وجہ سے وہ کارخانہ بند ہو گیا اور موہن سنگھ اپنے گاؤں لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
وہیں اشناک رائے کی بیٹی (ایشران دیوی) سے شادی ہو گئی۔ شادی کے بعد کے دن سرگودھا میں برادرِ نسبتی کے ہاں گزرے۔
بَھون واپسی پر طاعون کی مہلک وبا پھوٹ پڑی۔ والدہ نے سرگودھا واپس جانے کا مشورہ دیا. لیکن ان ہی دنوں ایک سرکاری دفتر میں جونیئر کلرک کی ملازمت کے لیے. مقامی اخبار میں اشتہار دیکھا۔ جیب میں والدہ کے دیے 25 روپے لے کر نوکری کے لیے امتحان دینے کوئی پونے 400 کلومیٹر دور شملہ چلے گئے۔
امتحان میں ناکامی
موہن سنگھ کے مطابق وہ اس امتحان میں ناکامی کے بعد ایک دن مایوسی کے عالم میں ہوٹل ’دی سیسل‘ کے پاس سے گزرے تو اچانک اندر جا کر قسمت آزمانے کی خواہش پیدا ہوئی۔
’ایسوسی ایٹڈ ہوٹلز آف انڈیا کی ملکیت اس اعلیٰ درجے کے ہوٹل کے منیجر ایک مہربان انگریز تھے، نام تھا ڈی ڈبلیو گروو۔ مجھے 40 روپے ماہانہ پر بلنگ کلرک رکھ لیا۔‘
’جلد ہی میری تنخواہ 50 روپے کر دی گئی۔ بیوی بھی شملہ آ گئی تو ہم اپنے خستہ حال گھرمیں رہنے لگے۔ خود ہی دیواروں پر سفیدی کی جس سے ہاتھوں میں چھالے پڑ گئے لیکن ہم شکر گزار تھے کہ ہمارے سروں پر چھت تو ہے۔‘
اپنی زندگی کی یہ سب باتیں موہن سنگھ اوبرائے نے سنہ 1982 میں محقق گیتا پیرامَل سے سانجھی کی تھیں۔
’سیسل کی انتظامیہ بدلی تو ارنسٹ کلارک مینجر بن گئے۔ میں سٹینوگرافی جانتا تھا، کلارک نے مجھے کیشیئر اور سٹینوگرافر کا عہدہ دے دیا۔‘
’ایک روز پنڈت موتی لال نہرو سیسل میں ٹھہرے۔ تب وہ سوراج پارٹی کے رہنما تھے۔ پنڈت جی کو ایک اہم رپورٹ جلد اور احتیاط سے ٹائپ کروانا تھی۔ میں نے ساری رات جاگ کر وہ رپورٹ مکمل کی اور اگلی صبح انھیں دی تو انھوں نے 100 روپے کا نوٹ نکال کر شکریہ کے ساتھ مجھے دیا۔‘
ایسوسی ایٹڈ ہوٹلز آف انڈیا
’میری آنکھوں میں آنسو آ گئے اور میں جلدی سے کمرے سے نکل گیا۔ ایک سو روپیہ، جسے دولت مند پھینک دیتے ہیں، میرے لیے بہت کچھ تھا۔ روپے کی قوت خرید اتنی زیادہ تھی کہ میں نے بیوی کے لیے گھڑی، بچے کے لیے کپڑے اور اپنے لیے برساتی کوٹ خریدا۔‘
کلارک کا ایسوسی ایٹڈ ہوٹلز آف انڈیا کے ساتھ معاہدہ ختم ہوا. تو انھوں نے دلی کلب کے لیے کیٹرنگ کا ٹھیکہ حاصل کر لیا۔ موہن سنگھ نے بھی ان کے ہاں ملازمت کی پیشکش قبول کر لی۔ ان کی تنخواہ اب 100 روپے تھی۔ دلی کلب کا معاہدہ صرف ایک سال کے لیے تھا اور کلارک نے جلد ہی نئے کاروبار کی تلاش شروع کر دی۔
شملہ میں کارلٹن ہوٹل ختم ہو چکا تھا۔ کلارک اسے لیز پر لینا چاہتے تھے لیکن ضامن درکار تھے۔
موہن نے پیرامَل کو بتایا. ’میں نے اپنے کچھ امیر رشتہ داروں اور دوستوں سے رابطہ کیا۔ کارلٹن اب کلارک ہوٹل بن گیا۔ پانچ سال کے بعد، کلارک نے ریٹائر ہونے اور ہوٹل کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے مجھے یہ کہہ کر پیشکش کی کہ وہ ہوٹل چلانے کے لیے کسی ایسے شخص کو ترجیح دیں گے جو اس کی روایت اور کارکردگی کو برقرار رکھ سکے۔‘
’درکار رقم کے لیے مجھے اپنے چند اثاثے اور اپنی بیوی کے زیورات کو رہن رکھنا پڑا۔ میں نے کلارک ہوٹل کی ملکیت اپنے ایک مہربان چچا کی مدد سے سنبھالی جو ماضی میں بھی میرے ساتھ کھڑے تھے۔‘