پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ نے ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں افغانستان کے خلاف شان دار کارکردگی دکھا کر شائقین کے دل جیت لیے اور اب وہ ثابت کررہے ہیں۔ کہ ان کا دل اس کارکردگی سے بھی کہیں زیادہ بڑا ہے۔ اور انہوں نے بلا نیلام کرکے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف آخری اوور میں نسیم شاہ کے 2 بلند و بالا چھکوں کی بدولت پاکستان نے میچ جیت لیا تھا اور ٹورنمنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
میچ کے بعد نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ’میں نے میچ کے دوران ساتھی کھلاڑی محمد حسنین سے بیٹ تبدیل کیا تھا۔ کیونکہ میرا بلا ٹھیک نہیں لگ رہا تھا۔ اور پھر اسی سے چھکے لگے‘۔
ویڈیو کلپ
پی سی بی کی جانب نسیم شاہ اور محمد حسنین کی ویڈیو جاری کی گئی، مختصر ویڈیو کلپ میں محمد حسنین کا کہنا تھا۔ کہ ’نسیم شاہ نے کل شان دار اننگز کھیلی اور شارجہ میں تاریخ دہرائی جب جاوید میانداد نے بھارت کے خلاف چھکا لگا کر میچ جتوایا تھا‘۔
محمد حسنین کا کہنا تھا کہ کرکٹر نے جس بلے سے دو چھکے لگائے۔ وہ بلا میرا تھا۔ اس لیے اپنا بلا نسیم شاہ کو تحفے میں دیتا ہوں۔ اب اس بلے کا وہ جو کرنا چاہیں کرسکتے ہیں‘۔
انہوں نے محمد حسنین سے بلا لے کر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا۔ کہ میں یہ بلا نیلام کرنا چاہتا ہوں۔ جس کی آدھی رقم سیلاب متاثرین کے فنڈ میں دوں گا۔
پاکستان کے معروف گلوکار عزیر جسوال نے ردعمل دیتے ہوئے کہا۔ کہ انہیں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔
کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے افغانستان کےخلاف جیت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کی کلپ شئیر کی۔ جس میں دکھایا گیا کہ کس طرح کھیل کے دوران دونوں کھلاڑی بلے تبدیل کر رہے ہیں۔