دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے مسافر کے ایک لاکھ درہم پولیس کو دے دیے۔
28 سالہ صفیان ریاض کرائے پر لیموزین دینے والی کمپنی میں گاڑی چلاتا ہے۔
23 مئی کو اسے اپنی گاڑی سے ایک لاکھ ایک ہزار 463 درہم ملے، یہ رقم ملنے سے ایک گھنٹہ پہلے ہی صفیان نے ایک مسافر کو اس کی منزل پر اتارا تھا۔
صفیان ریاض نے یہ رقم البرشا پولیس اسٹیشن میں جمع کروا دی۔
اس نے کہا کہ مجھے یہ رقم میری گاڑی کے اندر ملی، میں چاہتا تھا کہ یہ اس کے مالک تک پہنچ جائے۔
صفیان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا شہری ہوتے ہوئے. میں نے پولیس اسٹیشن میں رقم دے دی۔
البرشا پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ماجد السویدی نے صفیان کو فون کرکے بلوایا اور اس کارنامے پر شاباشی دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم صفیان کی اس ایمانداری پر فخر کرتے ہیں. پولیس فورس عوام کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے ترغیب دیتی ہے۔
صفیان ریاض کو دبئی پولیس نے تحفہ اور سرٹیفکیٹ بھی دیا۔