بھارت میں شادی بیاہ کے لیے بنائی جانے والی ویب سائٹ پر ممکنہ شوہر کو ڈیٹ کے بجائے ملازمت کی پیشکش کرنے والی کاروباری خاتون کا ٹوئٹر اکاؤنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
خاتون نے اس شخص کو ملازمت کی پیشکش کر دی جن سے ان کی ملاقات شادی بیاہ کے لیے بنائے گئے ویب پورٹل جیون ساتھی ڈاٹ کام پر ہوئی تھی۔
تاہم بات نہ بن سکی کیوں کہ مذکورہ شخص اس سے زیادہ تنخواہ چاہتے تھے جتنی کہ خاتون نے انہیں پیشکش کی تھی۔
بھارتی شہر بنگلور میں قائم سالٹ نامی کمپنی کی شریک بانی آدیتہ پال نے اپنے والد کی ناپسندیدگی کے پیغامات کے سکرین شاٹس ٹوئٹر پر شیئر کیے ہیں۔ والد کے علم میں آیا تھا کہ خاتون نے اس شخص کو ملازمت کی پیشکش کر دی جن سے ان کی ملاقات شادی بیاہ کے لیے بنائے گئے ویب پورٹل جیون ساتھی ڈاٹ کام پر ہوئی تھی۔
خاتون نے مذاق میں کہا کہ ان کے والد نے یہ جاننے کے بعد کہ انہوں نے رومانوی تعلق آگے بڑھانے کی بجائے مذکورہ شخص سے ان کے کوائف مانگ لیے ہیں ان کے ساتھ اپنا رشتہ تقریباً ’ختم‘ کر دیا ہے۔
پال کے والد نے ان سے کہا کہ ’آپ جانتی ہیں کہ آپ نے کیا کیا؟ آپ شادی بیاہ کے لیے بنائی ویب سائٹس سے لوگوں کی خدمات ملازمت کے لیے حاصل نہیں کر سکتیں۔‘