’بار بار نسیم شاہ کو شادی کرنے کا کہتا ہوں لیکن وہ کہتے ہیں کہ ابھی وقت نہیں ہے۔‘
یہ کہنا ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور افغانستان کے خلاف میچ کے سٹار کے والد حاجی مظفر شاہ کا جن کے گھر علاقے کے لوگوں کی طرف سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔
نسیم شاہ کے دو چھکوں نے افغانستان اور انڈیا دونوں کو متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ سے باہر کر دیا اور پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی اور اب سری لنکا کے خلاف فائنل میچ میں اتوار کو مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان سمیت انڈیا اور افغانستان میں بھی کرکٹر کے چرچے ہیں۔ اور سوشل میڈیا پر نسیم کی کارکردگی کو بھی سراہا جا رہا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کو بذریعہ فون دیے گئے۔ انٹرویو میںکرکٹر کے والد حاجی مظفر شاہ نے کرکٹر کے کرکٹ کے ابتدائی دنوں اور ان کے مستقبل کے پلان کے بارے میں دلچسپ معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے بتایا، ’نسیم شاہ نے شادی سے ابھی منع کیا ہے کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ ابھی وہ کم عمر ہے اور پہلے کرکٹ میں مزید کیریئر بنانا چاہتے ہیں اور اس کے بعد شادی کریں گے۔ اور اپنے علاقے ہی میں کریں گے۔‘
انکی کی شاندار پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایک مداح کا ویڈیو پیغام بھی آیا۔ جس میں انہوں نے نسیم شاہ سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا۔