آٹھ گھنٹے، پانچ پرچے، چار وقفے، ایک دن اور ایک ہی موقع۔
یہ الفاظ جنوبی کوریا کے مشکل ترین اور طویل امتحان سنیونگ کو بیان کرتے ہیں۔ آٹھ گھنٹوں پر محیط امتحان جس میں پانچ پرچے لیے جاتے ہیں. اور اس دوران طلبا کو چار وقفے لینے کی اجازت ہوتی ہے۔ مگر یہ سب ایک ہی دن میں ہوتا ہے. اور اس امتحان کے لیے ایک ہی موقع ملتا ہے۔
مگر یہ امتحان جنوبی کوریا میں نوجوانوں کی زندگیاں تبدیل کر رہا ہے۔
سنیونگ کا یہ امتحان یونیورسٹی میں داخلے کے لیے دیا جاتا ہے اور اس میں اچھی کارکردگی مستقبل میں آپ کی ملازمت، آمدن اور حتیٰ کہ ذاتی تعلقات پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔
جنوبی کوریا کے نوجوانوں کے لیے. امتحان کا یہ دن بہت اہم ہوتا ہے. اور اس دن پورا ملک رک جاتا ہے۔ یہ ہر سال نومبر میں ایک بار ہی ہوتا ہے۔
رواں برس یہ جمعرات 14 نومبر کو منعقد ہو رہا ہے۔ یہ امتحان جنوبی کوریا کے طلبا کو اپنی قابلیت. اور صلاحیت ثابت کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ ٹیسٹ کتنا مشکل ہے اور طلبا اس کی تیاری کیسے کرتے ہیں اور ان کے پاس اس مشکل ترین امتحان کو پاس کرنے کے کیا گرُ ہیں؟ یہ جاننے کے لیے. ہم نے اس سال اس امتحان کی تیاری کر رہے. جنوبی کوریا کے کچھ نوجوانوں سے بات کی ہے۔
’میرا روزمرہ کا معمول سنیونگ کے گرد ہی گھومتا ہے‘
سنیونگ امتحان آٹھ گھنٹے تک جاری رہتا ہے اور ہر پرچے کے بعد 20، 20 منٹ کا وقفہ ہوتا ہے جبکہ اس دوران کھانے کے لیے 50 منٹ کا وقفہ بھی دیا جاتا ہے۔
ہر پرچہ تقریباً 80 سے 107 منٹ دورانیے کا ہوتا ہے اور اس دوران مکمل توجہ درکار ہوتی ہے۔
19 سالہ ہایونمن ہوانگ کہتے ہیں کہ ان کے کچھ دوست امتحان کی تیاری کے دوران روزانہ وہی کھانا کھاتے ہیں جو انھوں نے سنیونگ امتحان کے دن کھانے کا سوچ رکھا ہے تاکہ وہ اس دن اس کھانے کو اچھی طرح سے ہضم کر سکیں۔
امتحان دینے والے امیدواروں میں یہ ایک عام عادت ہے، طلبا امتحان کے دن اپنا کھانا اپنے ساتھ لاتے ہیں۔
طلبا کو تلقین کی جاتی ہے کہ امتحان کے دن وہ کچی خوراک، مسالے دار پکوان یا آٹے اور میدے سے بنی چیزیں جیسا کہ بریڈ یا نوڈلز نہ کھائیں۔
اس امتحان کی تیاری سے متعلق آن لائن گروپس پر والدین اور طلبا ایک دوسرے کو مشورے دیتے ہیں کہ اس دن کیا کھایا جائے اور کس طرح کے کھانے سے گریز کیا جائے۔
کیلے اور سیب جیسے پھل کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے جبکہ تیزابیت کی صورت میں کھٹی یا ترش چیزیں کھانے سے منع کیا جاتا ہے۔ ایسے میں پروٹین بھی اہم ہے۔