پاکستان میں پابندی کا شکار یاسر حسین اور عائشہ عمر کی فلم ’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ کو دنیا کے معروف فلم فیسٹیول ’برلن‘ میں پیش کرنے کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ کو مواد کی وجہ سے پاکستان میں تاحال ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اسے غیر ملکی فلمی میلوں میں پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ مئی میں اسی فلم نے برطانوی فلم میلے میں دو ایوارڈز بھی حاصل کیے تھے۔
اب اسی فلم کو جرمنی میں ہونے والے دنیا کے قدیم ترین اور بڑے فلمی میلوں میں شمار ہونے والے ’برلن فلم فیسٹیول‘ کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے، جہاں اسے 29 جون سے قبل ہی پیش کردیا جائے گا۔
’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر’ کے ہدایت کار ابو علیحہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی فلم کو ’برلن فیسٹیول‘ کے لیے منتخب کرلیا گیا اور بعد ازاں انہوں نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے فلم کو جلد ہی جرمنی میں ہونے والے فیسٹیول میں پیش کردیا جائے گا۔