
خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہدا کی تعداد 6 ہوگئی، افسوسناک واقعے میں زخمی آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئی، واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والی آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگئی، واقعے میں شہید طالبات کی تعداد 4 ہوگئی ہے جبکہ واقعے کے مجموعی شہدا کی تعداد 6 تک جاپہنچی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردوں کے حملے میں. 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 38 زخمی ہوگئے تھے،
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی. جبکہ بلوچستان میں پراکسیز نے بزدلانہ منصوبے کی تکمیل کو ممکن بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے. بھارتی پراکسیز کا استعمال کر رہا ہے۔
حملے کا مقدمہ
دریں اثنا ، اسکول بس پر بم حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے. جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں،خضدار میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی شہید حفضہ کوثر کی نماز جنازہ اوکاڑہ میں ادا کردی گئی، شہید حفضہ کوثر کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے جوانوں، سیاسی و سماجی شخصیات، اہل علاقہ و عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر علاقے کی فضا سوگوار اور ہرآنکھ اشک بارتھی۔
واقعے میں شہید طالبہ ثانیہ سومرو کی میت صادق آباد پہنچادی گئی ہے. جس کی نماز جنازہ آج آبائی گاؤں گوٹھ جوڑا میں ادا کی جائے گی، خضدار دھماکے میں ثانیہ سومرو کا بھائی مبشر علی بھی زخمی ہوا تھا۔
جرمنی اور ترکیہ کی خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت
دریں اثنا، جرمنی اور ترکیہ کی جانب سے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
پاکستان میں تعینات جرمن سفیر نے خضدار میں اسکول بس حملہ ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے میں ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
ترک وزارت خارجہ نے بھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے. معصوم بچوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔